تنگوانی(باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) کرم پور کے نزدیک تھانہ ناپر کوٹ کی حدود میں انڈس ہائی وے پر نامعلوم ڈاکوؤں نے کراچی سے کندھ کوٹ جانے والی مسافر کوچ پر حملہ کر دیا۔ ڈاکوؤں نے کوچ پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے۔
واقعے کے بعد مقتول کے ورثاء نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے انڈس ہائی وے کو بلاک کر دیا، جس سے ٹریفک کی روانی میں شدید خلل پیدا ہوا۔
مقامی انتظامیہ اور پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے تاہم ملزمان کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں آسکی۔ عوامی حلقوں نے امن و امان کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔