مسائل اور معاملات کو حل کرنے کی ضرورت ہے ورنہ ؟؟؟ تجزیہ :شہزاد قریشی
سابق وزیراعظم عمران خان کا نعرہ ’’ہم کوئی غلام ہیں ‘‘پر غور و فکر کیا اور اس کے بعد اپنے اوپر اور قوم پر مسلط جاگیرداروں، وڈیروں، سرمایہ داروں، نام نہاد قومی رہنمائوں پر تو غور کرنے کے بعد یہ خیال آیا کہ ہم بحیثیت قوم آزاد کب تھے؟ جس قوم پر غیر ملکی آقائوں کی جگہ ان کے اپنے آقا مسلط ہو جائیں اس قوم کی آزادی ختم ہو جاتی ہے ۔سالوں سے اس ملک کے آقا اس ملک کو اپنی میراث اور اس قوم کو اپنی رعایا سمجھتے ہیں۔ کراچی جسے روشنیوں کا شہر کہا جاتا رہا وہاں پر مسلط پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کی شاندار کارکردگی کا نظارہ نجی ٹی وی چینلز نے دکھایا کیا ہی منظر تھا ۔دل ہلا دینے والے واقعات ،پورا شہر پانی میں ڈوبا تھا اور رعایا پانی میں بہہ رہی تھی ۔عوام صبر کریں ،پیپلزپارٹی آمدہ قومی انتخابات میں وزارت عظمیٰ کی بھی امیدوار ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ ناکام پاکستان بطور ریاست نہیں اور نہ ہی یہ قوم ہے ناکام ہمارے نام نہاد سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے اس کامیاب ملک اور قوم دونوں کو ناکام بنا دیا۔
مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہو چکا ہے وزیر خزانہ کسی بھی ملک کے لئے بڑا اہم عہدہ ہوتا ہے پٹرول ڈیزل اور بجلی گیس وغیرہ کے نرخوں میں جو اضٗافہ ہوا ہے اس نے تو مہنگائی میں مزید اضافہ کر دیا ہے وزیر خزانہ نے پٹرول ڈیزل میں اضافہ کر کے عوام پر جو حملہ کیا ہے ایسا تو کوئی دشمن بھی نہیں کرتا انہوں نے مار کر دھوپ میں ڈال دیا ہے عمران خان کے دور حکومت میں مہنگائی تھی موجودہ وزیر خزانہ نے تو حد عبور کر دی ہے یہ عوام کے ساتھ ناانصافی ہے موجودہ وزیر خزانہ وزارت خزانہ کے منصب پر نہ ہوتے تو اچھا تھا۔
اس وقت قوم جن اداروں پر فخر کرتی ہے وہ عدلیہ، میڈیا، ملکی بقا اور سلامتی کے ادارے ہیں انتظامیہ کا حال تو یوں ہے جس کی لاٹھی اس کی بھینس۔ جانبداری میڈیا کے لئے زہر قاتل ہے میڈیا جب جانبدار ہوتا ہے تو وہ ختم ہو جاتا ہے پرنٹ میڈیا ہو یا الیکٹرانک میڈیا عوام الفاظ کو دیکھتے اور انہی الفاظ سے اس کی قدر و قیمت کا فیصلہ کرتے ہیں موجودہ حالات میں میڈیا کو قومی فریضہ ادا کرنا ہوگا۔ ہمارے سیاستدانوں نے ملک و قوم کو گوناگوں مسائل کے طوفان میں غرق کر دیا ہے اسے پانی اور سائے سے محروم کسی ریگستان میں پھینک دیا ہے عمران حکومت آج کے بڑھتے ہوئے مسائل کی بھی ذمہ دار ہے اور آج کے حکمران بھی ۔ سیاستدان عیش کر رہا ہے اور قوم سسک رہی ہے ۔ موجودہ مسائل اور معاملات کو حل کرنے کی ضرورت ہے ورنہ ؟؟؟








