شمال مشرقی ہندوستان کے مختلف علاقوں میں آزادی اور خودمختاری کی تحریکیں تیزی سے زور پکڑنے لگی ہیں، جہاں کوکی نیشنل آرگنائزیشن کے 16 مختلف مسلح گروہوں نے یکجا ہو کر ایک متحدہ محاذ قائم کر لیا ہے۔ یہ تحریکیں سیاسی، ثقافتی اور علاقائی حقوق کے تحفظ کے لیے جاری ہیں اور اس سلسلے میں بھارت کے عوام بھی بھرپور طریقے سے کھڑے ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق، کوکی نیشنل آرگنائزیشن نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے میجر جنرل ٹی ایچ جرمن کو متحدہ کمانڈ کا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔ اس نوٹیفکیشن کے مطابق، میجر جنرل ٹی ایچ جرمن 16 اگست 2025 سے متحدہ کمانڈ کی قیادت سنبھالیں گے۔ اس فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ شمال مشرقی علاقوں کی مسلح آزادی تحریک ایک منظم اور مربوط حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔قابض بھارتی حکومت کے خلاف ناگالینڈ، منی پور، میگھالایہ اور آسام کے عوام ایک پلیٹ فارم پر آ کر متحد ہو گئے ہیں۔ یہ اتحاد نہ صرف علاقائی خودمختاری کے حق میں ہے بلکہ بھارتی حکومت کی نااہلی اور مظالم کے خلاف بھی ایک مضبوط ردعمل ہے۔ بھارتی حکام کی جانب سے حق خودارادیت کی آواز دبانے کی کوششیں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کئی علاقوں پر غیر قانونی طور پر قابض ہے، جن میں مقبوضہ کشمیر، جونا گڑھ، ناگالینڈ جیسے علاقے شامل ہیں۔ یہ علاقے اپنی ثقافت، زبان اور سیاسی شناخت کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں تاکہ اپنی آزادی اور خودمختاری کا حق حاصل کر سکیں۔







