ٹھٹھہ : ماتا بھوانی کا سالانہ میلہ،سندھ بھر سے یاتریوں کی شرکت،گیان چند ایسرانی مہمان خصوصی

ٹھٹھہ،باغی ٹی وی ( نامہ نگار راجہ قریشی)گیان چند ایسرانی کی مکلی میں ماتا بھوانی کے سالانہ میلہ میں بطور مہمان خصوصی شرکت – میلے میں ہزاروں کی تعداد میں سندھ بھر سے یاتریوں کی شرکت – صوبائی وزیر نے ماتا بھوانی مندر پر سولر سسٹم اور دیگر ترقیاتی اسکیموں کا بھی افتتاح کیا۔
تفصیل کے مطابق صوبائی وزیر اقلیتی امور گیان چند ایسرانی کی مکلی میں ماتا بھوانی کے سالانہ میلے میں بطور مہمان خصوصی شرکت ، پربندھ کمیٹی ماتا بھوانی مندر کی جانب سے منعقدہ سالانہ میلہ میں ہزاروں یاتریوں نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اقلیتی امور نے ماتا بھوانی مندر پر سولر سسٹم اور دیگر ترقیاتی اسکیموں کا بھی افتتاح کیا۔ صوبائی وزیر نے یاتریوں کو میلے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادری کو اپنے مذہبی دن منانے کی بھرپور آزادی ہے، انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماتا بھوانی کے سالانہ میلے کے موقع پر یاتریوں سے گذارش ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی عبادات کی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی ہدایت پر سندھ حکومت اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود پر بھرپور توجہ دے رہی ہے ، پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں پر ریکارڈ ترقیاتی کام مکمل کئے ہیں ، مندروں ، آشرم ، شمشان گھاٹ اور دیگر مقدس مقامات پر سینکڑوں ترقیاتی کام جاری ہیں ، میری کوشش ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام پر زیادہ سے زیادہ اسکیمیں مکمل کریں ، صوبائی وزیر نے کہاکہ رواں ہفتہ اقلیتی برادری کے طالب علموں سے اسکالرشپس کیلئے درخواستیں طلب کی ہیں ، پہلی بار سکول کے طلباء کو بھی اسکالرشپس دی جا رہی ہیں ، اس سے قبل صرف کالج اور یونیورسٹی کے طلباء کو محکمہ اقلیتی امور کی جانب سے اسکالرشپس دی جاتی تھیں ، انہوں نے کہا کہ اسکالرشپس خالصتاً میرٹ پر دی جائیں گی ، جو میرٹ پر پورا اترے گا ، اس کو اسکالرشپ دی جائے گی ، کسی کی سفارش کی کوئی ضرورت نہیں ، اسکالرشپس ایوارڈ کرنے کے لیے آئی بی اے سکھر کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ، صوبائی وزیر نے کہا کہ اقلیتی برادری کے مستحق خاندانوں کو مذہبی تہوار پر بھی ریکارڈ مالی امداد کی ہے، میری کوشش ہے کہ اقلیتی برادری کے لیے شہید بےنظیر بھٹو کارڈ کا اجراء کروں ،اس پر کام جاری ہے ، بے نظیر انکم سپورٹ کی طرز پر یہ پروگرام لانچ کیا جائے گا ۔

Leave a reply