پاکستانی میڈیا پرسنالٹی، میزبان اور ماڈلنگ کی دنیا میں منفرد شناخت رکھنے والی متھیرا ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئیں۔ حال ہی میں ایک فیشن ایونٹ کے دوران ان کی ریمپ واک کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف ردِعمل سامنے آ رہے ہیں جن میں تنقید کا پہلو زیادہ نمایاں ہے۔
فیشن شو کے دوران متھیرا سلک کے مشرقی لباس میں ریمپ پر جلوہ گر ہوئیں۔ ان کے روایتی مگر منفرد لباس نے تو کچھ صارفین کی توجہ حاصل کی، تاہم چونکہ وہ پیشہ ور ماڈل نہیں ہیں، اس لیے ان کی واک ناظرین کو زیادہ متاثر نہ کر سکی۔ ریمپ پر ان کی باڈی لینگویج، اسٹیپس اور اعتماد کے اظہار کو متعدد صارفین نے غیرمعیاری قرار دیا۔ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز خاص طور پر انسٹاگرام اور فیس بک پر صارفین نے مختلف تبصرے کیے۔ کچھ نے ان کی کارکردگی پر عدم اطمینان ظاہر کیا، جب کہ چند صارفین نے ان کے وزن میں اضافے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ بعض صارفین نے یہ بھی کہا کہ متھیرا کو ریمپ پر آنے کے بجائے وہی کردار نبھانا چاہیے جس میں وہ زیادہ تجربہ رکھتی ہیں۔
واضح رہے کہ متھیرا گزشتہ کئی برسوں سے بطور میزبان، ماڈل اور اینٹرٹینر شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں۔ وہ اپنے کھلے اندازِ گفتگو، بے باک شخصیّت اور ذاتی تجربات کے بارے میں اظہارِ خیال کی وجہ سے ہمیشہ خبروں میں رہتی ہیں۔ وہ متعدد مواقع پر اپنی جدوجہد، پیشہ ورانہ مشکلات اور زندگی کے نشیب و فراز کے بارے میں بھی کھل کر بات کر چکی ہیں۔








