پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (پی آئی سی ایس ایس) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مئی 2025 کے دوران ملک بھر میں دہشت گردی کے 85 واقعات ریکارڈ کیے گئے، جن میں 113 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 182 افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کے باوجود عسکریت پسند گروہ ملک میں بڑی کارروائیاں کرنے میں ناکام رہے۔پی آئی سی ایس ایس کے مطابق جاں بحق افراد میں 52 سیکیورٹی اہلکار، 46 عام شہری، 11 عسکریت پسند اور 4 امن کمیٹی کے اراکین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 130 عام شہری، 47 سیکیورٹی اہلکار، 4 عسکریت پسند اور ایک امن کمیٹی کا رکن شامل ہے۔
سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں
مئی میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے آپریشنز میں 59 عسکریت پسند مارے گئے، جبکہ 52 کو گرفتار کیا گیا۔ ان کارروائیوں میں 5 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 7 زخمی ہوئے، جبکہ 5 عسکریت پسند بھی زخمی ہوئے۔
بلوچستان اور خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثرہ صوبے رہے۔ ملک بھر میں ہونے والے 85 حملوں میں سے 82 انہی دو صوبوں میں پیش آئے۔بلوچستان میں 35 دہشت گرد حملے ہوئے، جن میں 51 افراد جاں بحق اور 100 زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 30 عام شہری، 18 سیکیورٹی اہلکار اور 3 عسکریت پسند شامل ہیں۔ خضدار میں آرمی پبلک اسکول کی بس پر خودکش حملے میں 8 طالبات سمیت 10 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوئے۔
خیبر پختونخوا کے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں 22 حملوں میں 45 افراد جان سے گئے، جن میں 23 سیکیورٹی اہلکار، 12 عام شہری، 6 عسکریت پسند اور 4 امن کمیٹی کے اراکین شامل تھے، جبکہ 58 افراد زخمی ہوئے۔مرکزی خیبر پختونخوا میں 25 حملے ریکارڈ ہوئے، جن میں 14 افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہوئے۔
سندھ میں 3 دہشت گرد حملے ہوئے، جن میں 2 عام شہری اور 1 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کوئی دہشت گرد حملہ رپورٹ نہیں ہوا، تاہم پنجاب میں 39 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ آزاد کشمیر کے علاقے راولا کوٹ میں ایک کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گرد مارے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپریل کے مقابلے میں مئی میں دہشت گرد حملوں میں 5 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادتوں میں 78 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب عسکریت پسندوں کی ہلاکتوں میں 68 فیصد کمی آئی، جو اپریل میں 203 سے کم ہوکر مئی میں 65 رہ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق اگرچہ حملوں میں معمولی اضافہ ہوا ہے، تاہم سیکیورٹی اداروں کی کارروائیوں نے عسکریت پسندوں کو بڑے نقصانات سے دوچار کیا اور ان کی بڑی کارروائیاں ناکام بنائیں۔
مائیکروسافٹ کی حمایت یافتہ برطانوی اے آئی اسٹارٹ اپ دیوالیہ ہو گیا
پاکستان کی شاندار فتح، محمد حارث کی سنچری سے بنگلہ دیش کو کلین سوئپ
کراچی میں زلزلے کے جھٹکے، شہری خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے
روس نے ماسکو میں افغان سفیر کی نامزدگی باضابطہ طور پر قبول کر لی
تونسہ: پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ، 4 دہشت گرد ہلاک








