چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ مذاکرات ہی ہوں گے، مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں۔
باغی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے مذاکرات پر کمیٹی بنانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔جب صحافی نے ان سے سوال کیا، ’لطیف کھوسہ نے آج کہا کہ ڈیڈلائن ختم، سول نافرمانی کی تحریک پرعمل ہوگا؟‘ جس پر بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بالکل سول نافرمانی کی تحریک پر بھی عمل ہوگا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ امید ہے کل تک کمیٹی بن جائے گی۔اس سے قبل کمیشن کے دوسرے اجلاس میں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کو 6 ماہ کے لیے توسیع دی گئی، عدالت عظمیٰ کے جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ججز کی تعیناتی کے لیے رولز کے مسودے کا جائزہ لینے کے لیے جوڈیشل کمیشن کے دو اجلاسوں کی سربراہی کی، پہلے اجلاس کا آغاز صبح 11 بجے ہوا جو 8 گھنٹے تک جاری رہا جس میں ججوں کی تقرری رولز کے مسودے کا جائزہ لیا گیا۔جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ جوڈیشل کمیشن نے اجلاس کے دوران مانگی گئی عوامی رائے کا بھی جائزہ لیا۔دوران اجلاس آئینی بینچ کی تشکیل برقرار رکھنے کا فیصلہ 7، 6 کے تناسب سے ہوا، ووٹنگ میں 7 ممبران نے بینچ برقرار رکھنے کے حق میں فیصلہ دیا۔