باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ کا پنجاب اور خیبر پختونخوا کے صوبائی الیکشن کے حوالہ سے فیصلہ آنے کے بعد تحریک انصاف نے جیل بھرو تحریک معطل کر دی ہے اور مزید گرفتاریاں نہ دینے کا اعلان کیا ہے
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ جیل بھرو تحریک معطل کررہے ہیں ،عمران خان نے انتخابی مہم کے آغاز کا اعلان کردیا، عمران خان کا کہنا تھا کہ آئین کی پاسداری سپریم کورٹ کی ذمہ داری تھی، سپریم کورٹ نے بہادری سے اپنا کردار نبھایا
تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے فوکل پرسن اعجاز چودھری کا کہنا ہے کہ اللہ کریم کا شکرہے کہ پاکستان میں آئین بحال ہے،الیکشن نوے روز میں ہونگے آج فیصل آباد میں گرفتاریوں کی بجائے اللہ کا شکر ادا کیا جائے گا،بھرپور جلسہ ہوگا مگر گرفتاریاں نہیں دی جائیں گی۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے، پی ٹی آئی کارکنان الیکشن کی تیاری کریں۔ آئین کی بالادستی کیلئے 90 دن میں الیکشن کرانا ضروری ہے، الیکشن کمیشن اور نگران حکومت صاف شفاف انتخابات کو یقینی بنائے
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے جیل بھرو تحریک کا اعلان کر رکھا تھا، لاہور سے کچھ گرفتاریاں ہوئی تھیں جس کے بعد تحریک انصاف کے رہنماؤں کی رہائی کے لئے اگلے روز درخواستیں دائر کر دی گئی تھیں، جیل بھرو تحریک کا آج پانچواں روز تھا، آج فیصل آباد سے گرفتاریاں ہونی تھیں تا ہم تحریک انصاف نے جیل بھرو تحریک روک دی ہے