اہل سنت جماعتوں کے قائدین کی مشترکہ پریس کانفرنس، مذہب تبدیلی بل مسترد، تحریک چلانے کی دھمکی

مذہب تبدیلی بل اسلام اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش ہے، وزیر اعظم خود وضاحت دیں ، پیرزادہ محمد امین

چئیرمین محافظان نظریہ پاکستان پیرزادہ محمد امین نے سنی تحریک پنجاب کی میزبانی میں اہل سنت جماعتوں کے قائدین کے ہمراہ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ انسداد مذہب تبدیلی بل کو فی الفور واپس لے ورنہ ملک گیر تحریک کا آغاز کیا جائے گا،

انکا کہنا تھا کہ مذہب تبدیلی کا بل غیر شرعی ہے اسلام میں کوئی جبر نہیں اور نہ ہی قبول اسلام کے لئے کوئی عمر کی قید ہے، حکومت بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے سے باز آجائے، قبول اسلام بل کی دفعات نظریہ پاکستان سے متصادم ہیں، اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ وقف پراپرٹیز بل کا معاملہ بھی جوں کا توں ہے، مزارات اور خانقاہوں کو بھی حکومتی تحویل میں نہیں جانے دیں گے، کبھی گھریلو تشدد بل تو کبھی کسی اور بل کے نام پر پاکستان اور اسلام کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں، اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا داتا صاحب کا سالانہ عرس شایان شان سے منعقد کیا جائے منسوخی قبول نہیں ہوگی، حکومت سود کو حرام قرار دے اور سود سے پاک معیشت قائم کرے، علماء و مشائخ اہلسنت پر فورتھ شیڈول ختم اور گرفتاریاں بند کرکے رہا کیا جائے، حکمران قائداعظم کا نفاذ اسلام کا وعدہ پورا کریں، قادیانیوں کو اہم عہدوں سے فارغ کیا جائے، میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل آزادی صحافت پر حملہ ہے، بھارت اسرائیل اور امریکہ دہشت گردوں کی پشت پناہی ختم کریں داعش اور تحریک طالبان پاکستان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں،

مشترکہ پریس کانفرنس میں پیر جلیل احمد شرقپوری، قاری زوار بہادر، مولانا مجاہد عبدالرسول، پیر سید واجد گیلانی، ڈاکٹر مفتی حسیب قادری، ڈاکٹر مفتی کریم خان، پیر اختر رسول، پیر معاذ المصطفی، مفتی عمران نظامی، علامہ مرتضی ہاشمی، محمد اعظم نعیمی، مفتی ابوبکر ،حافظ نصیر نورانی، پیر اشرف سلطانی سمیت دیگر قائدین شریک ہوئے، اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ افواج پاکستان کی قیام امن کے لئے قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں، شہدائے پاکستان اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اسلامی ممالک مشترکہ تجارت اور کرنسی کو فروغ دیں، بھارت کشمیر میں اور اسرائیل فلسطین میں غاصبانہ قبضہ ختم کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیا جائے، ملک بھر میں مزارات اولیاء کو ایس او پیز کے تحت فوری کھول دیا جائے،

رہنماؤں نے ایک ہفتہ کی ڈیڈ لائن کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے اجلاس طلب کرلیا، پریس کانفرنس میں آستانہ عالیہ شرقپور، جمعیت علمائے پاکستان نورانی، سنی تحریک، سنی اتحاد کونسل، جمعیت علمائے پاکستان نیازی، جماعت اہلسنت، تحریک لبیک اسلام، محافظان ختم نبوت، انجمن طلباء اسلام ،ملی یکجہتی کونسل، پاکستان فلاح پارٹی، جماعت اہل حرم کے نمائندگان شریک ہوئے،

Comments are closed.