لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ معذوروں کو حکومتی کوٹہ کے تحت نوکریاں دی جائیں-
باغی ٹی وی : الخدمت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام منصورہ لاہور میں خصوصی باہمت افرادکے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب منعقد کی گئی، تقریب میں نائب صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ذکراللہ مجاہد،ضیاء الدین انصاری سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی-
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کاکہناتھاکہ اگر پاکستان میں کسی کو بھی وہیل چیئر چاہیے تو الخدمت فاؤنڈیشن اسے مفت فراہم کرے گی،پوری دنیا میں آبادی کا دس فیصد کسی نہ کسی معذوری کاشکار ہیں اور پاکستان میں معذور افراد کی تعداد نوے لاکھ ہے۔
انہوں نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ معذور افراد ہمارے معاشرے اورخاندان کا اہم ترین حصہ ہیں، معذوروں کو حکومتی کوٹہ کے تحت نوکریاں دی جائیں، پاکستان میں ٹرانسپورٹ یا فٹ پاتھ پر معذور افراد کےلیے کوئی جگہ نہیں، ہماری مائیں بہنیں چنگ چی میں دھکے کھا رہی ہیں،کورونا میں آکسیجن سلنڈر کمائی کےلیے غائب کردیئے گئے تھے لیکن جماعت اسلامی نے لوگوں کو مفت سلنڈر فراہم کئے، ہمارے معاشرے کو بھی ہاتھ پکڑ کر لوگوں کی سرپرستی کرنی چاہیے، ہم نے معذور افراد کانام باہمت افراد رکھا ہے اسی نام سے پکاریں گے۔
اس موقع پر باہمت افراد میں وہیل چیئرز اور سفید چھڑیاں بھی تقسیم کی گئیں باہمت افراد اور ان کی فیملیز کے لئے ناشتے کا بھی اہتمام کیا گیا۔