ندیم بلوچ کا منڈی بہاوالدین میں سبزی منڈی کا دورہ، قیمتوں پر قابو پانے کی کوشش

منڈی بہاوالدین،باغی ٹی وی (نامہ نگار افنان طالب) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین ندیم بلوچ نے صبح سویرے سبزی و پھل منڈی کا دورہ کر کے سبزیوں اور پھلوں کی بولی کے عمل کا جائزہ لیا۔

انہوں نے منڈی میں مختلف سٹالز اور دکانوں کا معائنہ کیا اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ، انہوں نے سبزیوں اور پھلوں کے معیار اور اسٹاک کی بھی جانچ پڑتال کی اور خود اپنی نگرانی میں بولی کروائی۔

اسسٹنٹ کمشنر ندیم بلوچ کا کہنا تھا کہ منڈی سے مارکیٹ تک سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو مناسب رکھنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صبح سویرے منڈی میں نیلامی کے عمل کا جائزہ لینے کا بنیادی مقصد مارکیٹ میں سستی اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے تاکہ عام آدمی کو فائدہ پہنچ سکے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی جاری ہے اور اس سلسلے میں مجسٹریٹس اپنے اپنے علاقوں میں فعال ہیں۔

Leave a reply