منڈی بہاؤالدین،باغی ٹی وی(نامہ نگارافنان طالب) جیل خانہ جات کے انتظامات کا معائنہ، سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت
منڈی بہاؤالدین میں چیئرپرسن وزیراعلیٰ ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات پنجاب رانا منان خان نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا۔ اس دوران جیل کے تمام احاطہ جات، اسیران کی بیرکوں، میڈیسن اسٹور، کچن، اور جیل ہسپتال کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔
چیئرپرسن نے اسیران سے ملاقات کرکے ان کے مسائل دریافت کیے اور جیل حکام کو اسیران کی جائز شکایات فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے جیل ہسپتال میں علاج معالجے اور جدید ٹیسٹنگ سہولیات کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
سپرنٹنڈنٹ جیل نے چیئرپرسن کو جیل مینوئل کے مطابق دستیاب سہولیات اور انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرپرسن نے جیل کے انتظامات کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے مزید بہتری کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ جیل ملازمین کی گذارشات سن کر ان کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن ٹاسک فورس رانا منان خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق جیلوں میں انتظامی امور اور سکیورٹی کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب جیلوں میں اصلاحات کے لیے پرعزم ہے اور جیل مینوئل پر عمل درآمد کو سختی سے یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قیدیوں کی فلاح و بہبود اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ جیل میں قیدیوں کو دینی و دنیاوی تعلیم کے ساتھ بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ بہتر زندگی گزار سکیں۔