منڈی بہاؤالدین:ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کااجلاس منعقد ہوا

منڈی بہاؤالدین، باغی ٹی وی ( افنان طالب نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ اور ڈی پی او احمد محی الدین کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کااجلاس ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنرشاہد عمران مارتھ کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ضلع منڈی بہاوالدین امن و امان کے لحاظ سے ہمیشہ سے ایک مثالی ضلع رہاہے،

اس میں تمام مذاہب اور مسالک کے درمیان اتفاق رائے اور بھائی چارہ پایا جاتا ہے۔ الحمداللہ عشرہ محرم بخیر و عافیت سے گزرا، عشرہ محرم کے دوران انتظامیہ، پولیس، تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، امن کمیٹیوں کے ممبران، منتظمین اور شہریوں کے باہمی تعاون سے ہی امن و امان کے قیام مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد کو ممکن بنایا گیا اور امن کی فضاء قائم رہی۔ حکومتی گائیڈ لائن کے مطابق پیش کردہ مسائل کو باہمی مشاورت سے حل کیا گیا۔

ڈی پی او احمد محی الدین کا کہنا تھا کہ عاشورہ محرم کو پر امن بنانے کیلئے فول پروف سکیورٹی کئے انتظامات کئے گئے تھے۔امن و امان کے قیام اور دیگر امور کی نگرانی کیلئے تمام اداروں نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام یں جس کی بدولت کہیں پر بھی کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوا۔

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے اپنے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بھی تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور شہریوں کے تعاون سے بین العقائد ہم آہنگی کی فضا بر قرار رکھی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کا مذید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف اشتعال انگیزی ہو رہی ہے وہ ڈیجیٹل دہشت گردی ہے، ملک اس وقت اس طرح کے حالات کا متحمل نہیں ہو سکتا،ڈیجیٹل دہشت گردی سے پاک فوج اور عوام کے رشتے کو کمزور کیا جا رہا ہے، جس کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈی پی او آفس میں سوشل میڈیا کے حوالے سے ایک سیل قائم کیا گیا ہے،جہاں پر ضلع منڈی بہاوالدین سے تعلق رکھنے والے عوام الناس پر کڑی نگاہ رکھی جائے گی۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ پاک فوج کے خلاف سوشل میڈیا پر کوئی بھی پوسٹ کرنے سے گریز کریں،

سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف پوسٹ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کا کوئی کمپرومائز نہ کیا جائے گا۔

اجلاس کے اختتام پر ملک پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا بھی کی گئی۔

Leave a reply