ایک صدی کا قصہ، ایم سی اسکول کی پروقار تقریب
رپورٹ: ملک امان شجاع
کیمبل پور (اٹک) میں واقع برصغیر پاک و ہند کی معروف علمی درسگاہ، گورنمنٹ ایم سی بوائز ہائی اسکول (سابق ایم سی مڈل اسکول کیمبل پور) نے 1924 سے 2024 تک ایک صدی مکمل ہونے پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔ اس یادگار تقریب میں اسکول کے سابق طلباء نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

تقریب میں شریک نمایاں شخصیات میں ملائیشیا میں پاکستان کے سابق سفیر لیفٹیننٹ جنرل طاہر محمود قاضی، سابق وفاقی وزیر ملک امین اسلم، ریٹائرڈ اسسٹنٹ کمشنر راجہ زاہد، اور دیگر شامل تھے۔ ان معزز شخصیات کو اس عظیم درسگاہ میں بنیادی تعلیم حاصل کرنے کا اعزاز حاصل رہا ہے۔

سابق طلباء نے اپنے خطاب میں ماضی کی یادیں تازہ کیں۔ ان مقررین میں سابق ڈائریکٹر محکمہ صحت راولپنڈی ڈاکٹر خالد محمود خان، پروفیسر سید عاطف بخاری، ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) محمد سلیم شہزاد، سابق وائس چیئرمین بلدیہ ملک طاہر اعوان، رہنما مسلم لیگ (ن) حاجی محمد اکرم خان، اور دیگر شامل تھے۔

اسکول کے طلباء نے مختلف ٹیبلو اور پروگرام پیش کیے، جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔ خاتون ٹیچر میڈم سعدیہ کی زیر نگرانی طلباء نے برصغیر میں تعلیم کے عروج و زوال پر مبنی ڈیڑھ سو سالہ تاریخ اور اسکول کی صد سالہ تاریخ پر خاکہ پیش کیا، جس نے حاضرین کو متاثر کیا۔ محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ، سول سوسائٹی، میڈیا نمائندگان، اور طلباء کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس تقریب میں اسکول کے سابق طلباء کی خدمات کو سراہا گیا، جنہوں نے ملک اور بیرون ملک مختلف شعبوں میں اپنی قابلیت کا لوہا منوایا۔ ان میں شامل ہیں: احمد ندیم قاسمی (شاعر و ادیب)، سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل جاوید اشرف قاضی، سابق گورنر سندھ لیفٹیننٹ جنرل معین الدین حیدر، سابق وزیر و رکن قومی اسمبلی ملک محمد اسلم خان، سابق ایئر مارشل شفیق حیدر، معروف نعت گو شاعر انوار فیروز مرحوم، اور کئی دیگر نمایاں شخصیات۔

پرنسپل محمد عارف نے صد سالہ تقریب کے انعقاد پر سابق طلباء کا شکریہ ادا کیا اور اسکول کی تعلیمی کامیابیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ گورنمنٹ اسکولز میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو اپنی جیب سے ایک لاکھ روپے انعام دیں گے۔

اسکول میں جدید آئی ٹی لیب اور جمناسٹک کی سہولت موجود ہے۔ پنجاب کے واحد باسکٹ بال گراؤنڈ کی تعمیر اپنی مدد آپ کے تحت مکمل کی گئی ہے۔ اسکول کے طلباء نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔

برطانوی دور میں 1924 میں یہ ادارہ قائم ہوا اور وقت کے ساتھ مختلف ارتقائی مراحل سے گزرتا ہوا ایک معیاری درسگاہ بن گیا۔ اس کی پرانی عمارت ایک نایاب تاریخی ورثہ تھی، جو نئی عمارت کی تعمیر کے دوران منہدم کر دی گئی۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کو انعامات دیے گئے۔ لیفٹیننٹ جنرل طاہر محمود قاضی نے اعلان کیا کہ وہ ہر سال اعلیٰ کارکردگی کے حامل طلباء کو ٹرافی دیں گے۔

Shares: