ڈیرہ غازیخان،باغی ٹی وی (نامہ نگارشہزادخان یوسفزئی)حکومت کی ہدایت کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں میٹ ایکسپورٹ زون بنایا جائے گاجس سے چھوٹے جانوروں کا گوشت دیگر ممالک کو بھیجا جائے گا اور اس سے یہاں کے لوگوں کی آمدنی میں نہ صرف اضافہ ہو گا بلکہ کثیر زرمبادلہ بھی حاصل ہو گا .
یہ بات ڈویژنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈیرہ غازیخان محمود اعجاز نے یہاں چارج سنبھالنے کے بعد افسروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی . انہوں نے کہاکہ لائیو سٹاک ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اس لیے حکومت نے ہر قسم کے جانوروں کی افزائش اور ان کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کیے ہیں .
ڈویژنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے کہا کہ جانور پال حضرات کی مکمل حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ان کے جانوروں کی دیکھ بھال کیلئے محکمہ لائیو سٹاک کی تمام سروسز ان کی دہلیز پر پہنچائی جائیں گی .
انہوں نے بتایا کہ جانورو ں کی ادویات اور حفاظتی ٹیکہ جات وافر مقدار میں موجود ہیں اور ڈویژن بھر میں 24موبائل ڈسپنسریاں جانوروں کو حفاظتی ٹیکے لگانے میں مصروف ہیں .
انہوں نے کہاکہ یہاں پر جانوروں میں کسی قسم کی وبائی امراض کا کوئی خطرہ نہیں اور اس بات کو یقینی بنایاگیا ہے کہ جانوروں کی افزائش نسل بہتر طریقے سے ہو .
انہوں نے محکمہ کے افسران اور ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں جا کر اپنے فرائض منصبی دیانتداری سے سرانجام دیں اور آئندہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کو انعامات بھی دیئے جائیں گے.
ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے مزیدکہاکہ غیر حاضر ، کام چور اور نااہل ملازمین کے خلاف سخت انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی .
انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں جانوروں کی بیماریوں کی تشخیص کیلئے چار جدید لیبارٹریاں کام کررہی ہیں . اس کے علاوہ جانور پال حضرات کیلئے 16سہولت مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں.
انہوں نے بتایاکہ ڈویژن کے 316 ویٹرنری ہسپتالوں اور موبائل ڈسپنسریوں کے ذریعے لاکھوں چھوٹے بڑے جانوروں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگائے گئے ہیں .








