سیف علی خان اور کرینہ کپور کی میڈیا سے بچوں کی تصاویر نہ لینے کی درخواست

ممبئی: بالی وڈ کے مشہور اداکار سیف علی خان اور ان کی اہلیہ کرینہ کپور نے حال ہی میں ایک درخواست جاری کی ہے جس میں انہوں نے میڈیا اور فوٹوگرافرز سے اپنے بچوں، تیمور اور جہانگیر (جے) کی تصاویر نہ لینے کی اپیل کی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ درخواست سیف علی خان کے گھر میں ہونے والی ڈکیتی اور ان پر حملے کے بعد سامنے آئی ہے۔ جوڑے کے منیجر نے پاپارازی سے کہا ہے کہ وہ سیف اور کرینہ کے بچوں کی تصاویر نہ لیں، چاہے وہ گھر کے گارڈن میں ہوں، کسی تقریب میں شریک ہوں یا کھیل کی سرگرمیوں میں مشغول ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ بچے جہاں بھی ہوں، ان کی تصاویر نہ لی جائیں۔جوڑے کے منیجر نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ سیف علی خان اور کرینہ کپور کی کسی عوامی تقریب کی تصاویر لی جا سکتی ہیں، تاہم میڈیا کو ان کی رہائش گاہ کے باہر موجود ہونے سے گریز کرنا چاہیے۔ اس کے علاوہ، جوڑے کی گھر آمدورفت اور ان کی ذاتی زندگی کی تصاویر بھی نہیں لی جانی چاہئیں۔

16 جنوری کی رات تقریباً 3 بجے، سیف علی خان کے ممبئی کے باندرا والے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی، جسے اداکار نے مزاحمت کرکے ناکام بنایا۔ اس دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں انہیں 6 گہرے زخم آئے، جن میں سے ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب تھا۔ سیف کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا اور فوری طور پر ان کی سرجری کی گئی، جس میں 2.5 انچ طویل چاقو کا ٹکڑا ان کی ریڑھ کی ہڈی سے نکالا گیا۔

سیف علی خان کو تقریباً 6 دن بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا، اور پولیس نے اس حملے کے ملزم کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔اس واقعے کے بعد، سیف اور کرینہ کی جانب سے اپنے بچوں کی حفاظت کے لیے یہ درخواست کی گئی ہے تاکہ ان کی ذاتی زندگی میں مداخلت سے بچا جا سکے۔

Shares: