کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت کنٹینٹ اور پروڈکشن اوور سائیٹ بورڈ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف پروڈکشن ہاؤسز نے امن، رواداری، سماجی ہم آہنگی اور ثقافتی ورثے کو فروغ دینے کے لیے اپنے خیالات پیش کیے۔ اجلاس میں سندھ حکومت کے اعلیٰ حکام اور میڈیا کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، ڈی جی اطلاعات سلیم خان، ڈائریکٹر فلمز حزب اللہ میمن، سارنگ لطیف چانڈیو کے علاوہ بورڈ کے ممبران قاضی اسد عابد، وردہ سلیم، اذان سمیع خان، نمرہ ملک اور حسن اصغر نقوی بھی موجود تھے۔اجلاس میں انتہا پسندی اور منفی عناصر کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک تعمیری بیانیہ کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے اجلاس کے دوران کہا کہ "میڈیا انڈسٹری کا ایک طاقتور کردار ہے جس سے ہم ایک تعمیری اور مثبت معاشرتی بیانیہ تشکیل دے سکتے ہیں۔”انہوں نے مزید کہا کہ "ہمیں مؤثر اور ذمہ دارانہ مواد کی تخلیق کے ذریعے شدت پسندانہ بیانیے اور منفی خیالات کا فعال طور پر مقابلہ کرنا ہے۔” شرجیل انعام میمن نے یہ بھی کہا کہ "ہمارا مقصد سماجی ہم آہنگی کے لیے خطرہ بننے والے تفرقہ انگیز عناصر کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے اتحاد، حب الوطنی اور ثقافتی بیداری کو فروغ دینا ہے۔”انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو سندھ کے ثقافتی تنوع اور ورثے کو فلموں، ڈراموں اور ڈیجیٹل مواد کے ذریعے اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ "سندھ کی ثقافتی وراثت کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے ہمیں فلموں اور دیگر مواد کے ذریعے اس کو نمایاں کرنا چاہیے۔”
آخر میں شرجیل انعام میمن نے یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت کا مقصد مثبت پیغام رسانی کے فروغ کے لیے میڈیا ہاؤسز، فلم سازوں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا ہے۔ اس طرح کے اقدامات نہ صرف سندھ کی ثقافتی شان کو اجاگر کریں گے بلکہ ایک مثبت اور ترقی پسند معاشرتی ماحول کی تشکیل میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔
ایئر انڈیا کے مسافر طیارے کی جانب سے ہائی جیکنگ کا سگنل،بھارت میں ریڈ الرٹ
بھارت،کمبھ میلے میں بھگدڑ،40 افراد ہلاک ، متعدد زخمی
مفت بجلی کا فی سرکاری ملازم کا خرچہ 6 ہزار روپے ہے،وزیر توانائی