لاہور: پاکستان کے تخلیقی اور ادبی میدان کو اجاگر کرنے کے لیے آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (اپووا) کے نمائندہ وفد نے گورنر ہاؤس لاہور کا خصوصی دورہ کیا۔ اس وفد کی قیادت سینئر وائس چیئرمین ملک یعقوب اعوان نے کی، جنہوں نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کو 14 اگست کو ہونے والی "اپووا استحکام پاکستان کانفرنس اور شان پاکستان ایوارڈز” کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے ا پووا وفد کا نہایت پرتپاک استقبال کیا اور دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر ممکن کوشش کریں گے کہ اس اہم تقریب کا حصہ بن سکیں۔ اگرچہ 14 اگست کو ان کے بیرون ملک جانے کا امکان ہے، مگر انہوں نے یقین دلایا کہ اگر وہ ملک میں موجود ہوئے تو کانفرنس میں ضرور شرکت کریں گے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے اپووا کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے ایک منظم اور متحرک تنظیم قرار دیا۔ انہوں نے خاص طور پر خوشی کا اظہار کیا کہ اس تنظیم کے سینئر نائب چیئرمین ملک یعقوب اعوان اور بانی ایم ایم علی ان کے اپنے علاقے سے تعلق رکھتے ہیں، جو ان کے لیے فخر کا باعث ہے۔

ملاقات کے دوران گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے وفد کے لیے خصوصی پیشکش کی کہ لاہور کے کسی بھی ہال میں اپووا اپنی تقریبات منعقد کرنا چاہے، حکومت کی طرف سے مکمل انتظامات اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ وفد نے اس پیشکش کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگرچہ اس سال کے انتظامات مکمل ہو چکے ہیں، مگر آئندہ سال اس پیشکش سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے اپووا کے عہدیداران عابدہ نذر، فیضان شیخ اور طارق نوید کو ان کے نئے عہدوں کی نوٹیفکیشن بھی دیئے،۔ اپووا کے کوآرڈینیٹر قصور طارق نوید نے گورنر کو قصور کی مشہور مٹھائی "اندرسے” پیش کی، جسے گورنر سردار سلیم حیدر نے نہایت پسند کیا ،اپووا پنجاب کی جنرل سیکرٹری عابدہ نذر نے گورنر پنجاب کو سرگودھا میں مدعو کیا، جسے گورنر نے قبول کرتے ہوئے جلد سرگودھا کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے ملاقات کرنے والے اپووا وفد میں ملک یعقوب اعوان، ایم ایم علی، ممتاز اعوان، طارق نوید، غلام زادہ نعمان صابری، عبدالصمد مظفر، فیضان شیخ، مدیحہ کنول، ایمن سعید، عابدہ نذر، لاریب اقراء، محمد اویس اور دیگر معزز اراکین شامل تھے۔اپوواوفد نے گورنر کو بتایا کہ اپووا جلد ہی لکھاریوں کے لیے ایک فلاحی منصوبہ بھی شروع کرنے جا رہی ہے، جس پر گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ اپنی بھرپور کوشش کریں گے کہ حکومتی سطح پر اس منصوبے کی مکمل معاونت کی جائے۔

گورنر ہاؤس سے واپسی کے بعد، بانی اپوواایم ایم علی نے وفد کے اعزاز میں ایک مقامی ریسٹورنٹ میں پرتکلف عصرانہ بھی دیا.

Shares: