ننکانہ : ڈی پی او کی ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سے میٹنگ۔

ننکانہ صاحب باغی ٹی وی(نامہ نگار احسان اللہ ایاز)انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات کے مطابق ڈی پی او ننکانہ سردار موارہن خان کی ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد توصیف قادر سے میٹنگ۔ میٹنگ کا مقصد الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ صوبائی الیکشن 2023 پر مقررہ شیڈول کے مطابق انتخابات کو شفاف اور پر امن بنانا تھا۔ میٹنگ میں کئی اہم امور زیر بحث لائے گئے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد توصف قادر نے ڈی پی او کو ضلع ننکانہ کے چار صوبائی حلقوں PP/131، PP/132،PP/133، اور PP/134 کے متعلق الیکشن اسکیم پیش کی۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشنر نے بتایا کہ صوبائی اسمبلی کے چار حلقوں میں انتخابات کے دوران 665 پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔ چار صوبائی حلقوں میں الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ووٹر لسٹوں کے مطابق شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے انتخابات کے عمل کو منصفانہ اور شفاف بنایا جائیگا۔ ڈی پی او ننکانہ سردار موارہن خان نے میٹنگ میں انچارج سیکیورٹی برانچ خرم بھٹی کو الیکشن کمیشن کی طرف سے مقرر کردہ 665 پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے انتظامات کو فول پروف بنانے کے احکامات جاری کیے۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ آئی جی صاحب کے احکامات کے مطابق ضلعی پولیس انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے ساتھ ملحقہ دیہاتی اور شہری ایریا میں دیگر ایجنسیز کے ساتھ مل کر سرچ آپریشن کیے جائیں گے۔ ضلعی پولیس اور سپیشل برانچ کے ٹیکنیکل ونگ کے مشترکہ تعاون سے پولنگ اسٹیشنز کی سرچ اینڈ سویپنگ یقینی بنائی جائیگی۔ ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات کو پر امن کامیاب بنانے کے لیے ضلع بھر میں جامع سیکیورٹی پلان تشکیل دیا جائیگا۔ پولنگ اسٹیشنز کی حساسیت کو مد نظر رکھتے ہوئے A,B,C کیٹیگری وائز سیکیورٹی ڈیوٹی لگائی جائیگی۔ ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کے عمل کو سیکیورٹی کے سخت حصار میں مکمل کیا جائیگا۔ الیکشن مہم کے دوران قانونی ضابطہ پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے کسی بھی قسم کی ہلڑ بازی، شر انگیزی اور شدت پسندی برداشت نہیں کی جائیگی۔ میٹنگ کے اختتام پر ڈی پی او نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کو ضلعی پولیس کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اور ڈی پی او نے انتخابات کے عمل کو منصفانہ اور پر امن کامیاب بنانے کے لیے مشترکہ تعاون پر اتفاق کیا

Comments are closed.