میگا منی لانڈرنگ کیس، سماعت ہو گی آج، زرداری کو عدالت پیش کیا جائے گا

0
60

میگا منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت آج احتساب عدالت میں ہو گی، سابق صدر آصف زرداری کو عدالت پیش کیا جائے گا

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جعلی اکاؤنٹ کیس کی سماعت آج احتساب عدالت میں ہو گی، سابق صدرآصف علی زرداری اور فریال تالپور کو عدالت میں پیش کیا جائے گا، جج ارشد ملک کو ہٹائے جانے کے بعد سماعت جج محمد بشیر کریں گے، نیب تفتیش میں پیشرفت رپورٹ عدالت میں پیش کرے گا.

گزشتہ سماعت پر عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آج تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کاحکم دیا تھا، نیب آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کے مزید جسمانی ریمانڈ کی بھی استدعا کرے گا.

واضح رہے کہ جعلی اکاؤنٹ کیس میں ضمانت کی درخواست مسترد ہونے پر نیب نے آصف زرداری کو بلاول ہاؤس سے گرفتار کیا تھا، آصف زرداری جسمانی ریمانڈ پر ہیں، بعد ازاں آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو بھی نیب نے گرفتار کرلیا تھا اور ان کے گھر کو سب جیل قرار دیا تھا.

عدالت کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کے بعد فریال تالپور پروڈکشن آرڈر کی وجہ سے اسمبلی اجلاس میں چلی گئیں جس کی وجہ سے نیب تفتیش نہ ہو سکی، اس لئے نیب آج پھر عدالت سے فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گا

آصف زرداری کی عدالت پیشی کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، غیر متعلقہ افراد کو احاطہ عدالت میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی، پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے

Leave a reply