محکمہ موسمیات کے قریب پیزا شاپ میں دھماکے کا مقدمہ درج

0
50

کراچی : محکمہ موسمیات کے قریب پیزا شاپ میں دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، افسوسناک حادثے میں ماں اور 2 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں محکمہ موسمیات کے قریب پیزا شاپ میں ہونے والے دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ واقعے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کے بھائی محمد عثمان کی مدعیت میں پیزا شاپ کے مالکان کے خلاف گلستان جوہر تھانے میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں 322 قتل باالسبب اور 427 کی دفعات شامل کی گئی ہیں، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ صبح ساڑھے دس بجے کے قریب میری بہن اپنے دو بچوں کے ہمراہ میرے گھر آرہی تھی، کراوٴن گارڈن اپارٹمنٹ کی سیڑھیوں سے اوپر چڑہنے لگی تو اچانک پیزا شاپ میں دھماکا ہوا۔ مدعی مقدمے کے مطابق حادثے کے نتیجے میں میری بہن اور دو بچے عبداللّہ اور فاطمہ موقع پر جاں بحق ہوگئے، افسوسناک حادثے میں کے الیکٹرک کے تین ملازمین سمیت 6 افراد زخمی ہوئے۔ یاد رہے گذشتہ روز کراچی کے علاقے محکمہ موسمیات کے قریب دکان میں دھماکا ہوا تھا، دلخراش واقعے میں ماں اپنے دو بیٹوں سمیت جاں بحق ہوگئی تھیں۔ بعد ازاں دکان میں ایگزاسٹ فین کی موجودگی نے گیس بھرنے کے امکانات پر سوال اٹھا دیئے تھے تاہم سی ٹی ڈی نے پولیس سے ڈی وی آر سمیت تمام شواہد تحویل میں لے لیا تھا۔

Leave a reply