اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان)حضرت عماد الدین المعروف چنن پیر کے عرس کے موقع پر بہاولپور میں کل مقامی تعطیل ہوگی ۔

ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق (کل) 27 فروری بروز جمعرات مقامی تعطیل ہوگی۔ مقامی تعطیل کا اعلان بسلسلہ عرس مبارک حضرت عماد الدین میلہ چنن پیر ضلع بہاولپور کے حوالے سے کیا گیا ہے۔

بہاول پور سے تقریباً 60 میل دور صحرائے چولستان میں قلعہ ڈیراور اور دین گڑھ کے درمیان پنجاب کی رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑی تحصیل یزمان سے ذرا آگے چنن پیر کا مزار ہے، تقریباً 600 سال قدیم اس مزار پر ہندو اور مسلمان یکساں ایمان سے آتے ہیں۔

حضرت عماد الدین المعروف چنن پیر کا عرس پاکستان میں اپنی نوعیت کا واحد عرس ہے جو مسلسل سات ہفتے یعنی فروری کی آخری جمعرات بمطابق ہندی مہینے چیت سے شروع ہو کر اپریل کی اوائل جمعرات تک جاری رہتا ہے، مسلسل سات جمعرات تک جاری رہنے والا یہ میلہ پانچویں جمعرات کو اپنے عروج پر پہنچ جاتا ہے۔

عرس مبارک کی تقریبات روایتی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ جاری ہیں، جہاں ملک بھر سے زائرین کی بڑی تعداد دربار حضرت چنن پیر پر حاضری دے رہی ہے۔ یہ دربار صدیوں سے عقیدت و روحانیت کا مرکز رہا ہے، اور ہر سال عرس کے موقع پر لاکھوں عقیدت مند یہاں حاضر ہو کر اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے زائرین کی سہولت کے لیے سیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہیں گے، جبکہ محکمہ صحت کی جانب سے میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ زائرین کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

مقامی افراد اور زائرین نے ضلعی انتظامیہ کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ عام تعطیل کے اعلان سے عرس مبارک کی تقریبات میں شرکت مزید آسان ہو جائے گی۔

Shares: