بہاولپور (باغی ٹی وی – نامہ نگار حبیب خان)میپکو لائن مین کو رشوت خوری پر 8 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ ، ایف آئی اے کی بڑی کامیابی،
بہاولپور میں سپیشل جج سینٹرل کی عدالت نے رشوت خوری کے ایک سنگین مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے میپکو کے سابق لائن مین زوار حسین کو مجرم قرار دیتے ہوئے 8 سال قید بامشقت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم نے زوار حسین کو 10 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا، جس کے بعد اس کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر درج ذیل سزائیں سنائیں
انسدادِ بدعنوانی ایکٹ کے تحت 7 سال قید بامشقت اور 5 لاکھ روپے جرمانہ،تعزیراتِ پاکستان کے تحت 1 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ
یہ مقدمہ اسپیشل جج سینٹرل کیمپ بہاولپور، جج جلیل احمد نے سنا جبکہ ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل وقاص رضا نے استغاثہ کی مؤثر پیروی کی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ فیصلہ بدعنوانی کے خلاف ایف آئی اے کی زیرو ٹالرنس پالیسی کا عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے سرکاری اداروں میں کرپشن میں ملوث عناصر کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ قانون ان کے خلاف متحرک ہے، اور عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔