تین روزہ ’گاٹ ٹور‘ کے سلسلے میں بھارت پہنچنے والے ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے کلکتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں اپنے 70 فٹ بلند مجسمے کی نقاب کشائی کی، تاہم یہ تاریخی تقریب شدید بدنظمی، ناقص انتظامات اور سیکیورٹی خدشات کے باعث تنازع کا شکار ہو گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’گوٹ ٹور‘ کے تحت منعقدہ اس ایونٹ میں شائقین کی بڑی تعداد شریک تھی، مگر اسٹیڈیم میں بدانتظامی نے میسی کے مداحوں کی خوشی کو شدید مایوسی میں بدل دیا۔ اطلاعات کے مطابق لیونل میسی مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 15 منٹ پر اسٹیڈیم پہنچے اور تقریباً 10 سے 20 منٹ تک وہاں موجود رہے۔ اس دوران وی آئی پیز، سیکیورٹی اہلکاروں اور خصوصی مہمانوں نے اسٹار فٹبالر کو گھیرے رکھا، جس کے باعث اسٹینڈز میں موجود ہزاروں شائقین میسی کی ایک واضح جھلک بھی نہ دیکھ سکے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق میسی کو اسٹیڈیم کا مکمل چکر لگانا تھا، تاہم بدنظمی اور بڑھتی کشیدگی کے باعث وہ ایسا نہ کر سکے۔ صورتحال بگڑنے پر منتظمین نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر فوری طور پر میسی کو اسٹیڈیم سے نکال لیا۔ بعد ازاں سیکیورٹی رسک کے باعث مجسمے کی نقاب کشائی آن لائن کرنی پڑی۔
میسی کی محدود موجودگی اور واضح نظارہ نہ ملنے پر مداح مشتعل ہوگئے۔ اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ کی گئی، بوتلیں اور کرسیاں پھینکی گئیں، جس کے بعد حالات قابو میں رکھنے کے لیے اینٹی رائٹ فورس تعینات کرنا پڑی۔ شائقین کا کہنا تھا کہ انہوں نے 5 ہزار سے 25 ہزار بھارتی روپے تک کے مہنگے ٹکٹ خریدے، مگر اس کے باوجود میسی کو ٹھیک طرح دیکھنے سے محروم رہے۔ مداحوں نے شکوہ کیا کہ میسی نے نہ فٹبال کو کک لگائی اور نہ ہی کسی سرگرمی میں حصہ لیا، جس سے ایونٹ کی افادیت پر سوالات اٹھ گئے۔شدید بدنظمی کے بعد تقریب کے مرکزی منتظم کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ اس گرفتاری کی تصدیق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جاوید شمیم نے کی۔ حکام کے مطابق واقعے کی ذمہ داری کا تعین کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے اس افسوسناک واقعے پر لیونل میسی اور ان کے مداحوں سے عوامی طور پر معذرت کی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ سالٹ لیک اسٹیڈیم میں ہونے والی بدانتظامی نے انہیں شدید صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق وہ خود بھی تقریب میں شرکت کے لیے اسٹیڈیم جا رہی تھیں۔ممتا بنرجی نے واقعے کو انتظامی ناکامی قرار دیتے ہوئے مکمل تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا۔ اس کمیٹی کی سربراہی سابق جج جسٹس (ریٹائرڈ) آشِم کمار رائے کریں گے، جبکہ چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ہوم اینڈ ہل افیئرز) اس کے ارکان ہوں گے۔ کمیٹی واقعے کی ذمہ داریوں کا تعین کرے گی اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔








