ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار اور ورلڈ کپ فاتح کپتان لیونل میسی (leo messi)بھارت کے چار شہروں پر مشتمل دورے کے آخری مرحلے میں نئی دہلی پہنچ گئے ہیں-
میڈیا رپورٹس کے مطابق دورے کے دوران میسی سے مصافحہ کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے ایک کروڑ بھارتی روپے کی فیس مقرر کی گئی ہے، جس نے کھیلوں کے حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔
لیونل میسی کا بھارت کا یہ دورہ کلکتہ سے شروع ہوا، جہاں انہوں نے فٹبال سے وابستہ مختلف تقاریب میں شرکت کی اور نوجوان کھلاڑیوں سے ملاقات کی، اس کے بعد وہ حیدرآباد پہنچے، جہاں ان کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا اور شائقین نے اپنے پسندیدہ اسٹار کو قریب سے دیکھنے کا موقع حاصل کیا۔
ممبئی میں بھی میسی کی موجودگی فٹبال مداحوں کے لیے کسی تہوار سے کم نہ تھی، اس موقع پر فٹبال سے متعلق سرگرمیوں اور تقاریب کا انعقاد کیا گیا،میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دہلی میں میسی کے شیڈول میں محدود مگر خصوصی ملاقاتیں شامل ہیں، جن کے لیے فیس مقرر کی گئی ہے بتایا جا رہا ہے کہ اس رقم کے عوض شرکا کو میسی سے مصافحہ کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
فٹبال تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ لیونل میسی کی بھارت میں مقبولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ فٹبال کا کھیل جنوبی ایشیا میں بھی تیزی سے مقبول ہو رہا ہے،شائقین کا کہنا ہے کہ میسی جیسے لیجنڈ کھلاڑی کو قریب سے دیکھنا اور ان سے ملاقات کرنا ان کے لیے ایک یادگار لمحہ ہوگا۔








