اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی گاؤں موضع چک مانک کے رہائشی تین برس سے بدعنوانی اور انتظامی غفلت کا شکار ہیں۔ مقامی مکینوں کے مطابق ٹھیکیدار نے میٹل روڈ کی تعمیر کے نام پر فنڈز ہڑپ کر لیے اور پہلے سے موجود سولنگ اکھاڑ کر اینٹیں فروخت کر دیں، جس کے بعد منصوبہ مکمل طور پر تعطل کا شکار ہو گیا۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ ٹوٹ پھوٹ، کیچڑ اور گردوغبار نے گاؤں کو اذیت کدہ بنا دیا ہے۔ بارش میں راستے دلدل کی شکل اختیار کر لیتے ہیں جبکہ خشک موسم میں اڑتی دھول سے صحت کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔

اہم تعلیمی ادارے، جن میں دو سرکاری سکول اور دینی مدرسہ "حیدر کرار” شامل ہیں، براہِ راست متاثر ہو رہے ہیں اور طلبہ و طالبات کی حاضری میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ خواتین، بچے اور بزرگ روزمرہ آمدورفت میں شدید مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ مریضوں کو اسپتال پہنچانا بھی مشکل ہو چکا ہے۔

نمبر دار ملک حسنین سمیت عمائدین اور رہائشیوں نے الزام لگایا کہ یہ تین سالہ تعطل انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت ہے اور عوام کے ساتھ کھلا دھوکہ ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق سے فوری نوٹس لینے، کرپٹ ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کرنے اور بیچی گئی اینٹوں سمیت مکمل حساب کتاب لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Shares: