میکسیکو کی بحریہ کا ایک چھوٹا طیارہ امریکی ریاست ٹیکساس میں ساحلی علاقے کے قریب گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت کم از کم 5 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ ایک مسافر تاحال لاپتہ ہے۔
حادثہ گیلوِسٹن بے میں پیش آیا جس کے بعد امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئیں۔امریکی میڈیا کے مطابق یہ چھوٹا طیارہ ایک مریض اور سات دیگر افراد کو لے کر ہیوسٹن ایئرپورٹ کی جانب پرواز کر رہا تھا کہ اچانک تکنیکی خرابی کے باعث سمندر میں جا گرا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امریکی کوسٹ گارڈ، مقامی پولیس اور ریسکیو اداروں نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا،امریکی کوسٹ گارڈ کے ایک اہلکار نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ حادثہ گزشتہ رات پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ چار افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے، تاہم بعد ازاں حکام نے وضاحت کی کہ ان میں سے دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہو گئی۔ ایک مسافر اب بھی لاپتہ ہے، جس کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب میکسیکو کی بحریہ نے اپنے باضابطہ بیان میں حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ طیارے میں مجموعی طور پر آٹھ افراد سوار تھے۔ ان میں چار میکسیکن بحریہ کے اہلکار جبکہ چار شہری شامل تھے۔ بحریہ کے مطابق طیارہ ایک طبی مشن پر تھا اور مریض کو بہتر علاج کے لیے ہیوسٹن منتقل کیا جا رہا تھا۔حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے،







