کراچی: عوام پاکستان پارٹی کے جنرل سیکرٹری مفتاح اسماعیل نے ایک احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسائل پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ بجلی کے بل کم کیے جائیں اور کے الیکٹرک کی اوور بلنگ کو ختم کیا جائے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اگر 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے تو بل کم ہونا چاہیے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے تین سو یونٹ فری دینے کا وعدہ کیا تھا، اگر یہ وعدہ پورا نہیں کیا جا سکتا تو کم از کم بجلی کے ریٹ کو مناسب بنایا جائے۔ انہوں نے کے الیکٹرک سے مطالبہ کیا کہ بجلی کے نرخ کم کیے جائیں، کیونکہ 2015 سے اب تک بجلی کے نرخوں میں تین سو فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کس کی تنخواہ میں اتنا اضافہ ہوا ہے؟
مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ عوام انتشار نہیں چاہتے، لیکن جب تک لیڈرز صحیح تربیت نہیں دیتے، مسائل حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بل آدھے کیے جائیں اور کمرشل بلوں پر 37 فیصد ٹیکس کو ختم کیا جائے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ صدر، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اخراجات بڑھائے گئے ہیں جبکہ عوام پر اضافی بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گھریلو صارفین پر ٹیکس نہ لگایا جائے اور صرف 50 ارب روپے کی کٹوتی سے جولائی سے ستمبر تک کے ٹیکس کو ختم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو گھریلو صارفین کا ٹیکس ختم کرنا چاہیے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ مفتاح اسماعیل نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کی مشکلات کو سمجھتے ہوئے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کی زندگی آسان ہو سکے۔مفتاح اسماعیل نے اپنے خطاب کا اختتام کرتے ہوئے عوام سے درخواست کی کہ وہ حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے اپنے مطالبات کے حق میں آواز اٹھائیں اور متحد ہو کر ان مسائل کا حل نکالنے کے لیے جدوجہد کریں۔ عوام پاکستان پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہیں کیے گئے تو وہ اپنے احتجاج کو مزید وسعت دیں گے۔
Baaghi Digital Media Network | All Rights Reserved