میہڑ (باغی ٹی وی،نامہ نگارمنظور علی جوئیہ) میہڑ شہر میں بڑھتی ہوئی لوٹ مار اور بدامنی کے خلاف شہریوں کا احتجاج جاری ہے۔ سول سوسائٹی اور شہری اتحاد کے چیئرمین نیاز علی بڑرو کی قیادت میں مظاہرین نے دعا چوک سے گھنٹہ گھر چوک تک مارچ کیا اور وہاں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ شہر میں لوٹ مار، ڈکیتیاں اور دیگر جرائم اتنے بڑھ گئے ہیں کہ شہری اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں رہے۔ میہڑ شہر میں پولیس کی موجودگی کے باوجود جرائم میں کوئی کمی نہیں آئی اور دن دہاڑے عوام کو لوٹا جا رہا ہے۔
مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ شہر میں بڑھتے جرائم میں ایس ایس پی دادو بھی ملوث ہیں اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایس ایس پی دادو کو فوری طور پر ہٹایا جائے اور شہر میں امن و امان بحال کیا جائے۔ بصورت دیگر، شہریوں کا احتجاج جاری رہے گا۔