میہڑ: امام بارگاہ سے تشدد شدہ لاش برآمد، ایک بے ہوش زخمی ہسپتال منتقل

میہڑ (باغی ٹی وی ،نامہ نگارمنظورعلی جوئیہ) میہڑ کے نواحی علاقے بوتھرو میں ایک المناک واقعہ پیش آیا، جہاں امام بارگاہ کے اندر سے ایک شخص کی تشدد شدہ لاش برآمد ہوئی، جبکہ دوسرا شخص شدید زخمی حالت میں بے ہوشی کے عالم میں پایا گیا۔ دونوں افراد کو فوری طور پر تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا گیا۔

ڈاکٹروں کے مطابق قتل ہونے والے شخص پر تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی۔ مقتول کی شناخت کاشف عرف پپن کے نام سے کی گئی ہے۔ زخمی شخص جس کا نام مہران ڈھر بتایا جا رہا ہے کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے اسے لاڑکانہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، یہ واقعہ ذاتی دشمنی یا کسی دیرینہ تنازعے کا نتیجہ ہو سکتا ہے، تاہم مزید معلومات کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ عوام نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

Comments are closed.