اسلام آباد : ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی قائدین نے 7 اکتوبر کو اسرائیل مخالف ملک گیر احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد فلسطین، لبنان، کشمیر، اور شام کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا ہے۔ اس احتجاج میں ملک بھر کی 28 معتبر جماعتیں شرکت کریں گی۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور جماعت اسلامی کے نائب امیر، لیاقت بلوچ، اور مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، نے اسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری کی خاموشی پر تنقید کی۔لیاقت بلوچ نے گفتگو کے دوران کہا کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم بڑھتے جا رہے ہیں، غزہ میں 43 ہزار سے زائد شہادتیں ہو چکی ہیں، جبکہ ہزاروں فلسطینی صیہونی جیلوں میں قید ہیں اور بدترین تشدد کا شکار ہیں۔ انہوں نے لبنان پر جاری اسرائیلی حملوں کی بھی مذمت کی اور کہا کہ مزاحمت کاروں کو خاموش نہیں کیا جا سکتا، چاہے اسرائیل کتنی ہی ٹیکنالوجی کا استعمال کر لے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر عالمی طاقتیں اسرائیلی جرائم کو نہیں روکیں گی تو کل اسرائیل دنیا بھر کی گلیوں میں آزادی سے گھومتا نظر آئے گا۔ انہوں نے فلسطینی مزاحمت کے رہنماؤں، جیسے احمد یاسین اور حسن نصر اللہ کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کے باوجود آزادی کی تحریک جاری ہے اور جاری رہے گی۔لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر عالمی تنظیمیں اسرائیل کے خلاف کوئی موثر اقدامات نہیں کر رہیں، اور یہ وقت ہے کہ عالم اسلام متحد ہو کر اسرائیل کے ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کرے۔ انہوں نے پاکستان کی حکومت کی جانب سے دو ریاستی حل کو ایک کمزور موقف قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے معاملے میں کمزور پوزیشن لینا کشمیر کے مستقبل کے لیے بھی نقصان دہ ہو گا
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنی گفتگو میں اسرائیلی جارحیت کو عالم کفر کے خلاف اسلامی مزاحمت کی جنگ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج مزاحمت گر گئی تو کل اسرائیل کے خلاف کوئی بھی بند نہیں باندھ سکے گا۔ انہوں نے اسرائیل کی شکست پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اپنے سٹریٹیجک اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، اور یہی وقت ہے کہ پوری امت مسلمہ متحد ہو کر اسرائیل کے خلاف کھڑی ہو۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ 7 اکتوبر کو پوری پاکستانی قوم کو فلسطین، لبنان، کشمیر، اور شام کے مظلومین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے باہر نکلنا ہو گا۔ علامہ جعفری نے کراچی میں فلسطین کی حمایت میں ہونے والی ریلی پر پولیس کے تشدد کی شدید مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ مظاہرین کے خلاف درج کی گئی جھوٹی ایف آئی آرز فوری طور پر خارج کی جائیں۔
شیعہ علماء کونسل کے نائب صدر علامہ عارف واحدی نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف دفاعی محاذ پر پوری امت مسلمہ کو کھڑا ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 28 جماعتوں پر مشتمل ملی یکجہتی کونسل اسرائیلی جارحیت کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کرے گی اور یہ اتحاد امت کی بقا کے لیے ضروری ہے۔ملی یکجہتی کونسل کے قائدین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کے خلاف فوری اور موثر عملی اقدامات کیے جائیں، ورنہ خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے اسرائیل کی بدمعاشی کے خلاف خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کو روکا جائے۔7 اکتوبر کو ہونے والے اس ملک گیر احتجاج میں شرکت کرنے کے لیے عوام کو اپیل کی گئی ہے کہ وہ مظلوم فلسطینیوں، لبنانیوں، کشمیریوں اور شامیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے گھروں سے نکلیں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔

ملی یکجہتی کونسل کا 7 اکتوبر کو اسرائیل مخالف ملک گیر احتجاج کا اعلان
Shares:







