افریقی ملک گھانا کے جنوبی علاقے میں ایک افسوسناک واقعے میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں وزیر دفاع، وزیر ماحولیات سمیت 9 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ اس واقعے کو صدر نے "قومی سانحہ” قرار دے دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ہیلی کاپٹر ایک سرکاری مشن پر روانہ تھا۔ گھانا کی حکومت کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں جان بحق ہونے والوں میں وزیر دفاع، وزیر ماحولیات، فضائیہ کے تین اہلکار اور دیگر سرکاری افسران شامل ہیں۔گھانا کی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے سے قبل ہیلی کاپٹر سے رابطہ اچانک منقطع ہوگیا تھا، جس کے بعد ریسکیو ٹیموں کو فوری طور پر روانہ کیا گیا۔ فوج کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
گھانا کے صدر نے اس المناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے کہا:”یہ ہمارے ملک کے لیے ایک اندوہناک دن ہے۔ ہم اپنے بہادر افسران اور وزرا کو کھو چکے ہیں جو قوم کی خدمت میں مصروف تھے۔”
ملک بھر میں اس حادثے پر غم کی فضا چھا گئی ہے اور حکومتی سطح پر تین روزہ سوگ کا اعلان بھی متوقع ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق موسم کی خرابی یا تکنیکی خرابی حادثے کی ممکنہ وجوہات ہو سکتی ہیں، تاہم حتمی رائے تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئے گی۔یہ واقعہ گھانا کی سیاسی و عسکری قیادت کے لیے ایک بڑا دھچکا تصور کیا جا رہا ہے اور عوام میں بھی شدید دکھ اور صدمہ پایا جاتا ہے۔