سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت فیصل ایوب کھوکھر نے سوشل سیکیورٹی ہسپتال سیالکوٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔ صوبائی وزیر نے او پی ڈی، ایمرجنسی، میڈیکل وارڈ، فارمیسی اور لیبارٹری سمیت تمام یونٹس میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے ایم ایس اور طبی عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اعلان کیا کہ سوشل سیکیورٹی کے تحت پنجاب کے تمام ہسپتالوں کو مرحلہ وار سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا۔ فیصل ایوب کھوکھر کے مطابق سوشل سیکیورٹی ہسپتال سیالکوٹ 64 ہزار رجسٹرڈ لیبر خاندانوں کو صحت کی سہولیات فراہم کر رہا ہے، جس سے ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد افراد مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے ہسپتال میں ڈاکٹروں اور سٹاف کی کمی جلد پوری کرنے کی یقین دہانی کرائی اور ہدایت کی کہ چائلڈ لیبر کی کسی صورت اجازت نہ دی جائے، جبکہ محکمہ لیبر کم از کم اجرت کی فراہمی یقینی بنائے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اور ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر نے صوبائی وزیر کو محکمانہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر نے مزید اعلان کیا کہ یکم جولائی سے وزیراعلیٰ پنجاب راشن کارڈ کا اجرا کیا جا رہا ہے، جس سے محنت کش طبقے کو براہ راست ریلیف ملے گا۔

Shares: