میرپور خاص (باغی ٹی وی،نامہ نگارسید شاہزیب شاہ ): یومِ آزادی پاکستان "معرکہ حق” کی مناسبت سے میئر میرپور خاص اور چیف وارڈن سول ڈیفنس عبدالرؤف غوری نے سول ڈیفنس میرپور خاص کی جانب سے میونسپل کارپوریشن ہال میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی۔

اس پروگرام میں ڈپٹی کنٹرولر سول ڈیفنس محمد فہیم میمن، ایڈیشنل چیف وارڈن پروفیسر عبدالحمید شیخ، ترجمان سول ڈیفنس خلیل اللہ خان اور ریسکیو 1122 کے انچارج آفیسر عرفان علی خاصخیلی سمیت سول ڈیفنس کے رضاکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

پاکستان سے غیر متزلزل وفاداری کا عزم
تقریب کے دوران شرکاء نے "پاک فوج زندہ باد” اور "پاکستان پائندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر یہ عزم دہرایا گیا کہ سول ڈیفنس ہمیشہ اپنے ملک کے دفاع کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

میئر عبدالرؤف غوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ سول ڈیفنس کے رضاکاروں نے ہمیشہ وطن عزیز کے دفاع میں فعال کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے رضاکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ہر وقت اپنی خدمات انجام دینے کے لیے تیار رہتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر میئر عبدالرؤف غوری نے سول ڈیفنس کے رضاکاروں میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے اور انہیں یقین دلایا کہ وہ سول ڈیفنس کو مزید فعال بنانے اور اس کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

Shares: