میرپور خاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) میرپور خاص کے ایک نجی ہوٹل میں منعقدہ ایک روزہ وومین ہینڈی کرافٹس فیسٹیول میں چیئرمین ضلع کونسل میر انور علی خان تالپور، کمشنر فیصل احمد عقیلی، ڈپٹی کمشنر رشید مسعود اور دیگر افسران نے شرکت کرتے ہوئے دیہی خواتین کے ہنر کو قومی سطح پر روشناس کرانے کے عزم کا اظہار کیا۔ تقریب کا عنوان تھا: "ہنر بھی اس کا، منافع بھی اس کا”، جس میں تھرپارکر، عمرکوٹ اور میرپور خاص سے تعلق رکھنے والی 100 خواتین نے 50 سے زائد اسٹالز پر 3 ہزار سے زائد دستکاری اشیاء پیش کیں۔

چیئرمین ضلع کونسل میر انور تالپور نے خطاب میں کہا کہ حکومت سندھ اور ڈویژنل انتظامیہ دیہی خواتین کو خود کفیل بنانے کے لیے پرعزم ہیں، اور حکومت سے سفارش کی کہ محکمہ سماجی بہبود کے تعاون سے خواتین کو بلا سود قرضے دیے جائیں تاکہ وہ اپنا ہنر مزید بہتر بنا سکیں۔

ڈویژنل کمشنر فیصل احمد عقیلی نے کہا کہ خواتین کو مارکیٹ تک رسائی دینے کے لیے بڑے سپر اسٹورز میں ان کے ہنر کے ڈسپلے کاؤنٹرز قائم کیے جا چکے ہیں اور دیگر بڑے شہروں میں بھی یہ عمل دہرایا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ دیہی خواتین کی مصنوعات کی آن لائن فروخت کیلئے ای کامرس پلیٹ فارم بھی تشکیل دیا جائے گا۔

نمائش میں کشیدہ کاری، چادریں، ثقافتی رلی، شالیں، مٹی کے برتن، ہاتھ سے تیار جوتے، پرس، بیگز، چوڑیاں اور دیگر ثقافتی مصنوعات شامل تھیں، جنہیں عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔ کمشنر نے عوامی دلچسپی کے پیش نظر نمائش کو اتوار تک جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود نے اسے خواتین کو خود کفالت کی طرف گامزن کرنے کی بہترین حکمت عملی قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر سماجی تنظیموں اور اداروں کے نمائندوں میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ فیسٹیول میں محکمہ سماجی بہبود، روینیو، ہیلتھ، اسٹیوٹا، صحافیوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Shares: