میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی،نامہ نگار مشتاق علی لغاری) میرپور ماتھیلو کے شہر داد لغاری میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف پتافی نوجوان اتحاد نے پولیس تھانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت خان زمان پتافی، شوکت پتافی، فدا حسین پتافی، عالی شاہ اور فہد پتافی نے کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ داد لغاری اور اس کے گردونواح میں روزانہ بدامنی کے واقعات بڑھ رہے ہیں، اور پولیس انہیں روکنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے ایس ایچ او داد لغاری ذوالفقار مہر اور دیگر پولیس اہلکاروں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے الزام لگایا کہ پولیس امن و امان قائم کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے ایس پی گھوٹکی سے مطالبہ کیا کہ موجودہ ایس ایچ او کو فوری طور پر ہٹا کر کسی ایماندار افسر کو تعینات کیا جائے۔
اس موقع پر تھانے کے منشی عباس لنڈ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ بھی کی گئی ہے، لیکن فوٹیج واضح نہ ہونے کی وجہ سے ملزمان کی شناخت نہیں ہو سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی ملزمان کو پکڑا جائے گا، انہیں مقدمے میں نامزد کر کے کارروائی کی جائے گی۔