میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی ہدایت پر گھوٹکی پولیس نے منشیات فروشوں اور جواریوں کے خلاف فیصلہ کن کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

تھانہ میرپور ماتھیلو پولیس نے دورانِ گشت خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے لعل شاہ کے میخانے پر چھاپہ مارا اور منشیات فروش اختیار ولد رحیم بخش بوزدار سکنہ بوزدار کالونی میرپور ماتھیلو کو 400 گرام چرس سمیت گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزم کے خلاف کرائم نمبر 137/2025، دفعہ 9(i) Sr 3(A) CNS (Amendment) 2022 کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

دوسری کارروائی میں تھانہ یارو لنڈ پولیس نے خفیہ اطلاع پر جوئے کے اڈے پر چھاپہ مارا جہاں سے امجد ولد اصغر عرف اکرو لنڈ کو 2 تاش کے پتے اور 1400 روپے نقد رقم سمیت گرفتار کیا گیا، جبکہ اس کے 10 ساتھی ملزمان جن میں علی دوست، علی محمد ممدانی، کرم پتافی، سھیل لنڈ، اخلاق لنڈ، غضنفر لنڈ، حاجی منگنھار، عیدن کوری اور دو نامعلوم افراد شامل ہیں، موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف کرائم نمبر 30/2025، دفعہ 5 سندھ جواء ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے ان کامیاب کارروائیوں پر پولیس پارٹی کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات اور جوئے جیسے سماجی جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

گھوٹکی پولیس کی یہ کارروائیاں علاقے میں امن و امان کے قیام کی جانب مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہیں، جنہیں مقامی حلقوں کی جانب سے سراہا گیا ہے۔

Shares: