میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی،نامہ نگار مشتاق علی لغاری)شہید صحافی طفیل رند حیدرانی اور ان کی بھتیجی کے بہیمانہ قتل کا مقدمہ پولیس تھانہ میرپور ماتھیلو میں درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ مقتول صحافی کے بھائی عبدالغفار رند کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں آٹھ نامزد ملزمان کو شاملِ تفتیش کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر نمبر 315 تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 147، 148، 149، 302، 114 اور 34 کے تحت درج کی گئی۔

ایف آئی آر کے مطابق 8 اکتوبر کی صبح طفیل رند اپنی بھتیجی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ راستے میں گھات لگائے مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ملزمان اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہوگئے۔

مدعی کے مطابق قتل کی یہ واردات پرانی رنجش اور مقتول صحافی کی حق گوئی و صحافتی سرگرمیوں کے باعث پیش آئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد تفتیش شروع کر دی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی ہے جبکہ صحافتی تنظیموں اور سول سوسائٹی نے اسے آزادیِ صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور مقتولین کے لواحقین کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Shares: