ضلع گھوٹکی کی تحصیل میرپور ماتھیلو کے علاقے جروار روڈ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے مقامی صحافی طفیل رند جاں بحق ہو گئے۔
طفیل رند بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہے تھے کہ راستے میں نشانہ بنایا گیا۔مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے، سد خاکی کو ڈی ایچ کیو اسپتال میرپورماتھیلو منتقل کر دیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گھوٹکی میں صحافی طفیل رند کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں پر حملے آزادی صحافت پر حملے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نےگھوٹکی میں صحافی طفیل رند کے قتل پر سخت نوٹس اور اظہار افسوس کیا ہے ،انہوں نے ڈی آئی جی سکھر سے فوری اور تفصیلی رپورٹ طلب کر لی، وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ ملزمان کو ہر صورت میں گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے-واقعے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات یقینی بنائی جائیں،وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے طفیل رند کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے اور کہا کہ طفیل رند کے قاتلوں کو گرفتار کرکے صحافی برادری کی تحفظ کو یقینی بنایا جاۓ۔