میرپورخاص :12 ربیع الاول جشن عید میلاد النبی شایان شان طریقے سے منانے کے لیے اجلاس منعقد ہوا

میرپورخاص(باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ )12 ربیع الاول جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مذہبی عقیدت و احترام اور شایان شان طریقے سے منانے کے لیے ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود اور میئر عبدالرؤف غوری کی صدارت میں کمشنر کانفرنس ہال میں اجلاس منعقد کیا گیا .

اجلاس میں امن کمیٹی کے علماء کرام مفتی شریف سعیدی، مولانا صادق سعیدی، مولانا حافظ محمود قادری ، سید حمزہ علی نقوی ، واحد حسین پہلوانی مولانا سید ضیاء حیدر نقوی ، ایس ایس پی میرپورخاص عادل میمن ، چیف میونسپل کمشنر رفیق احمد سیھڑ ، ڈی ایم پی پی ایچ آئی جیٹھانند ، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز صدر انجمن تاجران میرپورخاص انیس الرحمن شیخ ، جنرل سیکریٹری محمد امین میمن نے شرکت کی .

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود نے کہا کہ 12 ربیع الاول ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا دن ہے اور اس دن کو جشن عید کی طرح شایان شان طریقے سے منانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کہا کہ اس ضمن میں جو بھی درپیش مسائل ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔

ڈپٹی کمشنر میرپورخاص نے تمام علماء کرام سے کہا کہ 12 ربیع الاول جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں صفائی ستھرائی ، سیکیورٹی ، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور دیگر مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کروایا جائے گا اور کہا کہ تمام تحصیلوں پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے تعلقوں میں اجلاس منعقد کریں گے .

اس موقع پر میئر عبدالرؤف غوری نے کہا کہ ہماری زندگی میں 12 ربیع الاول جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سب سے بڑی اہمیت کا دن ہے اس لئے میونسپل کارپوریشن کے حوالے سے صفائی ستھرائی اور پینے کے پانی کی فراہمی اور دیگر مسائل کو ترجیحی بنیادوں حل کیا جائے گا .

اس موقع پر ایس ایس پی میرپورخاص عادل میمن نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلوسوں اور پروگراموں میں حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا اور تمام منتظمین کو ہدایت کی کہ وہ حفاظتی انتظامات کے سلسلے میں اپنے اپنی جانب سے رضاکار ٹیمیں بھی معمور کریں تاکہ کسی بھی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو سکے .

اجلاس میں تمام علماء کرام نے اپنے اپنے مسائل کی نشاندہی کی جس پر ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود اور مئیر عبدالرؤف غوری نے تمام علماء کرام کو یقین دلایا کہ پیش کردہ تمام مسائل کو حل کیا جائے گا .

Leave a reply