میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)ڈی ایچ کیو / سول ہسپتال میرپورخاص کی جانب سے یکم جولائی 2025 سے 15 جولائی 2025 تک کی پندرہ روزہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق ہسپتال میں مختلف شعبہ جات میں ہزاروں مریضوں کو علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ پندرہ دنوں کے دوران آرتھوپیڈک شعبے میں 37 ہڈیوں کے آپریشن کیے گئے جبکہ 165 مریضوں کو مختلف پروسیجرز کے ذریعے علاج فراہم کیا گیا۔ آنکھوں کے شعبے میں 22 مریضوں کے کامیاب آپریشن کیے گئے اور انہیں مفت دوائیں بھی مہیا کی گئیں۔
اسی دوران جنرل سرجری میں ہرنیہ، پتہ، اپنڈکس، بلیڈر اسٹون، اوپن کولی سسٹکٹومی اور دیگر امراض کے 27 آپریشن کیے گئے۔ گائنی شعبہ میں 48 خواتین کے سی سیکشن (C-Section) آپریشن اور 131 نارمل ڈلیوریاں کی گئیں۔
ہسپتال میں مجموعی طور پر 560 مریضوں کو مختلف وارڈز میں داخل کر کے علاج فراہم کیا گیا۔ ان مریضوں کا تعلق میرپورخاص شہر کے علاوہ نوکوٹ، ڈگری، جھڈو، کوٹ غلام محمد، کھپرو، جام نواز علی، ٹنڈو الہ یار اور دیگر دیہی و دور دراز علاقوں سے تھا۔
او پی ڈی سروس کے تحت 31,000 سے زائد مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کی گئی اور مفت ادویات بھی دی گئیں۔
انتظامیہ اور میڈیکل اسٹاف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں اور منفی پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں۔ اگر کسی کو شکایت ہو تو براہ راست سول ہسپتال انتظامیہ سے رجوع کریں، ہر شکایت کا فوری نوٹس لے کر مسئلہ حل کیا جائے گا۔