میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)میرپورخاص میں 57ویں سالانہ قومی آموں اور موسمِ گرما کے فیسٹیول کا رنگا رنگ آغاز ہو گیا، جس کا افتتاح چیئرمین ضلع کونسل میر انور تالپور نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود خان، ایس ایس پی ڈاکٹر سمیر نور چنہ، ایڈیشنل کمشنرز، ضلعی افسران اور فیسٹیول مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین سمیت معزز شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

فیسٹیول میں آموں کے 60 سے زائد اسٹالز لگائے گئے ہیں جن میں آموں کی 396 مختلف اقسام نمائش کے لیے پیش کی گئی ہیں، جو شہریوں اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ اس موقع پر محکمہ ثقافت سندھ کی جانب سے روایتی ثقافتی اسٹال بھی سجائے گئے ہیں جنہوں نے تقریب کو مزید رنگوں سے بھر دیا۔

فیسٹیول کے سلسلے میں محکمہ کھیل اور محکمہ زراعت سندھ کے زیر اہتمام ریلوے اسٹیشن میرپورخاص پر باکسنگ کے شاندار مقابلے بھی منعقد ہوئے، جن میں 5 اضلاع کے 60 سے زائد باکسرز نے بھرپور شرکت کی۔ باکسروں نے اپنی مہارت کا زبردست مظاہرہ کر کے تماشائیوں سے خوب داد سمیٹی۔

اختتامی تقریب میں ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر واشدیو مالہی نے کامیاب باکسرز میں میڈلز اور نقد انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر کھیلوں کی مختلف تنظیموں کے عہدیداران اور کھیلوں کے شوقین افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔

مینگو فیسٹیول آئندہ دنوں میں بھی مختلف ثقافتی و تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ جاری رہے گا، جو نہ صرف شہریوں کے لیے تفریح کا ذریعہ بن رہا ہے بلکہ سندھ کی زراعت، ثقافت اور کھیلوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

Shares: