میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)میرپورخاص میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے جاری شدید بجلی بحران پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے حق پرست رکن قومی اسمبلی انجینئر علیم خانزادہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے حیسکو میرپورخاص کی ناقص کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی فوری یقینی بنائی جائے۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث عوام شدید اذیت میں مبتلا ہیں، جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی مفلوج ہوکر رہ گئی ہیں۔ اس صورتحال پر انجینئر علیم خانزادہ نے رات گئے حیسکو چیف حیدرآباد، کمشنر میرپورخاص، ڈپٹی کمشنر اور سپرنٹنڈنگ انجینئر حیسکو میرپورخاص سے ہنگامی رابطہ کر کے بجلی بحران کی مکمل رپورٹ طلب کی۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ میرپورخاص کو لوڈشیڈنگ فری بنانے کے نام پر کروڑوں روپے خرچ کیے گئے، لیکن نتیجہ صفر ہے۔ عوام کے ٹیکسوں سے حاصل شدہ ان کروڑوں روپے کا جواب دینا ہوگا۔ اگر فوری بہتری نہ آئی تو یہ مسئلہ قومی اسمبلی میں بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا۔
علیم خانزادہ نے واضح کیا کہ میرپورخاص کے شہری شدید گرمی، پانی کی قلت اور کاروباری نقصان کا سامنا کر رہے ہیں، جو کسی طور بھی برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے حیسکو حکام کو بجلی کی بندش کی وجوہات فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت دی۔
ادھر شہر کی حق پرست عوام اور تجارتی حلقوں نے پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے مقامی منتخب نمائندوں کی خاموشی پر حیرت کا اظہار کیا ہے اور ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی کی بروقت مداخلت کو سراہا ہے۔ شہریوں کو امید ہے کہ اب بجلی بحران کا مستقل حل نکالا جائے گا اور انہیں اس اذیت ناک صورتحال سے نجات ملے گی۔








