میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میرپورخاص کے نئے چیئرمین کرنل (ر) ڈاکٹر سید محمد علمدار رضا نے اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھال لیا ہے۔ چیئرمین کی بورڈ آمد کے موقع پر کنٹرولر امتحانات انجینئر انور علیم خانزادہ راجپوت، سیکریٹری نوید شمشیر اور بورڈ کے دیگر افسران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر بورڈ آفس میں سادہ مگر پُروقار تقریب منعقد کی گئی، جہاں بورڈ کے عملے اور افسران نے نئے چیئرمین کو خوش آمدید کہا اور تعلیمی میدان میں بہتری لانے کے لیے ان کی رہنمائی اور قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق کرنل (ر) ڈاکٹر سید محمد علمدار رضا تعلیمی نظم و نسق اور انتظامی امور میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں، اور توقع کی جا رہی ہے کہ ان کی سربراہی میں میرپورخاص بورڈ میں اصلاحات، شفافیت اور معیارِ تعلیم کو فروغ حاصل ہوگا۔

Shares: