میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) میرپورخاص ڈویژن کے ہیڈ کوارٹر شہروں میرپورخاص، عمرکوٹ اور مٹھی (تھرپارکر) کو ترقی یافتہ شہروں کی صف میں شامل کرنے کے لیے ماسٹر پلان پر کام کا آغاز کیا جائے گا۔ اس بات کا اظہار چئیرمین امپلیمینٹشن کمیٹی و ڈویژنل کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی نے کمشنر کمیٹی ہال میں سٹی ماسٹر پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے تشکیل کردہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ شہروں کی ضروریات کی نشاندہی کی جائے اور جلد رپورٹ کمشنر آفس میں جمع کروا کر ماسٹر پلان کے تحت کام شروع کیا جائے۔ اس منصوبے کے تحت شہر میں ہاؤسنگ، سوشل سروسز، صحت، تعلیم، واٹر سپلائی، سیوریج، سالڈ ویسٹ، ٹرانسپورٹیشن اور کاروباری مراکز کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ماسٹر پلان کو 20 سالہ مدت کے تحت 2037 تک کے لیے بنایا جا رہا ہے۔
ضلع کونسل چئیرمین میر انور علی خان تالپور نے کہا کہ ماسٹر پلان کے ذریعے میرپورخاص شہر کو ترقی یافتہ شہروں کے ساتھ جوڑنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام کو فائدہ پہنچ سکے۔ میئر عبدالروف غوری نے اس منصوبے میں ضلع میرپورخاص کے تین تحصیلوں میرپورخاص، حسین بخش مری اور شجاع آباد کی 2 ٹاؤن کمیٹیوں کی 22 یونین کونسلوں کو شامل کرنے کی بات کی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان، رئیس عارف خان بھرگڑی، ایڈیشنل کمشنر ون ڈاکٹر علی نواز بھوت، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر امجد، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور منصوبے پر تبادلہ خیال کیا۔








