میرپورخاص(باغی ٹی وی،نامہ نگارسیدشاہزیب شاہ) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وفد نے ایس ایس پی میرپورخاص سمیر نور چنہ سے ملاقات کر کے کمیونٹی پولیسنگ کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اس طریقہ کار سے معاشرے میں بہتری اور جرائم پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ وفد نے ضلع بھر میں بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ جرائم میں ملوث عناصر کو فوری طور پر قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
رپورٹ کے مطابق حق پرست رکن اسمبلی انجینئر صابر قائمخانی، ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم، جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارج آفاق احمد خان، جھڈو سیکٹر کے جوائنٹ انچارج ولایت قائمخانی اور دیگر رہنماؤں پر مشتمل وفد نے ایس ایس پی میرپورخاص سمیر نور چنہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
اس موقع پر انجینئر صابر قائمخانی نے میرپورخاص سمیت پورے ضلع میں کار، موٹر سائیکل چوری، منشیات فروشی، اور رہزنی جیسی وارداتوں میں اچانک اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے حال ہی میں جھڈو پولیس اور عوامی نمائندوں کے درمیان پیدا ہونے والے تنازع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے معاملات کو باہمی رابطوں اور مشاورت سے حل کیا جانا چاہیے۔
ایس ایس پی میرپورخاص نے جرائم کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے ایم کیو ایم کے تعاون کو سراہا اور وفد کو یقین دلایا کہ جرائم میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
ملاقات کے بعد، وفد کے اراکین نے سابق چیئرمین بلدیہ میرپورخاص کامران شیخ کی رہائش گاہ جا کر ان کے بھائی ڈاکٹر عمران شیخ کی وفات پر تعزیت کی۔









