میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو فیصل علی سومرو کی زیر صدارت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مون سون بارشوں کے دوران ممکنہ خطرات اور مخدوش عمارتوں کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر چیتن لاکھانی نے بتایا کہ 2012 میں میرپورخاص شہر کی 7 عمارتوں کو باقاعدہ طور پر مخدوش و خطرناک قرار دیا جا چکا ہے، اور مالکان کو متعدد بار نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، لیکن اب تک وہ عمارتیں خالی نہیں کی گئیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فیصل علی سومرو نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر تیز بارشوں کے دوران یہ عمارتیں گر گئیں تو قیمتی انسانی جانوں اور املاک کا بڑا نقصان ہو سکتا ہے، لہٰذا ان عمارتوں کی فوری خالی کرائی جائے۔ انہوں نے سختی سے کہا کہ اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو حکم دیا کہ تمام خطرناک عمارتوں کی تفصیلی رپورٹ فوری طور پر ڈپٹی کمشنر آفس کو فراہم کی جائے تاکہ ان کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔
فیصل سومرو نے عمارتوں کے مالکان سے بھی اپیل کی کہ وہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اپنی عمارتیں فوری خالی کر دیں، تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔