میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ) تعلیمی بورڈ میرپورخاص کے زیر اہتمام 28 اپریل سے شروع ہونے والے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کے انتظامات کے حوالے سے چیئرمین تعلیمی بورڈ منصور راجپوت اور ناظم امتحانات انجینئر انور علیم خانزادہ نے کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں 28 اپریل سے 10 مئی تک جاری رہنے والے سالانہ امتحانات کے انتظامات اور تیاریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین تعلیمی بورڈ منصور راجپوت اور ناظم امتحانات انجینئر انور علیم خانزادہ نے کمشنر کو امتحانات کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ میرپورخاص، تھرپارکر اور عمرکوٹ اضلاع میں 76 امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے اور تمام مراکز پر امتحانی سامان کی ترسیل مکمل کر لی گئی ہے۔
اس موقع پر کمشنر فیصل احمد عقیلی نے یقین دہانی کرائی کہ امتحانی عمل کو شفاف بنانے کے لیے انتظامی سطح پر تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے اور انتظامیہ کی جانب سے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔
دریں اثنا، ناظم امتحانات انجینئر انور علیم خانزادہ نے بتایا کہ امتحانات کے دوران دفعہ 144 کے نفاذ کے لیے انتظامیہ کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، حیسکو چیف کو بھی امتحانی اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی درخواست کی گئی ہے، اور ہوم ڈیپارٹمنٹ سے امتحانات کے دوران امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے سیکیورٹی انتظامات کو سخت کرنے کی گزارش کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔








