میرپورخاص (باغی ٹی وی،نامہ نگار سید شاہ زیب شاہ)میرپورخاص میں وفاقی محتسب اعلیٰ، ریجنل ہیڈ انجینئر محمد عارف نے میئر آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں بجلی اور گیس کے صارفین کی شکایات کا انبار لگ گیا۔ اس موقع پر میئر عبدالرؤف غوری اور ڈپٹی میئر سمیرا بلوچ بھی موجود تھیں۔
کھلی کچہری میں حیسکو کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، جبری بلوں میں ڈیڈکشن اور اوور بلنگ کی شکایات کثرت سے پیش کی گئیں۔ صارفین نے بتایا کہ شکایات کے باوجود ان مسائل کا کوئی حل نہیں نکالا جا رہا۔ اسی طرح سوئی گیس کے صارفین نے بھی کم پریشر، لائن لیکیج اور کئی علاقوں میں سال بھر سے گیس کی عدم دستیابی پر اپنی شکایات درج کرائیں۔ خلیل غوری نامی گیس صارف نے بتایا کہ ایک سال قبل کی گئی شکایت کے باوجود ان کے گھر کی گیس ابھی تک بحال نہیں کی گئی۔
ریلوے اسٹیشن پر بھی شہریوں نے اپنی شکایات پیش کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹیشن پر بجلی، پینے کے صاف پانی اور باتھ رومز کی سہولیات موجود نہیں ہیں، جبکہ ٹرینوں کی آمد و رفت میں بھی اکثر تاخیر ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ، لوگوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور دیگر سرکاری محکموں سے متعلقہ مسائل بھی وفاقی محتسب اعلیٰ کے سامنے رکھے۔
وفاقی محتسب اعلیٰ نے تمام شکایات کو نوٹ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کے افسران کو فوری اور یقینی حل کی ہدایات جاری کیں۔ اس کھلی کچہری میں واپڈا اور سوئی گیس کے افسران، صحافی اور عام شہری بھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔