میرپورخاص (باغی ٹی وی،نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ) میرپورخاص میں جلد وفاقی یونیورسٹی کیمپس کا قیام عمل میں لایا جائے گا، جس سے نہ صرف میرپورخاص بلکہ سانگھڑ، عمر کوٹ، اور تھرپارکر کے باصلاحیت طلباء مستفید ہوں گے۔ یہ بات ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے انسٹی ٹیوٹ فار ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز حیدرآباد کی افتتاحی تقریب کے بعد میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے عہدیداران سے ملاقات کے دوران کہی۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور بائیوٹیکنالوجی جیسے جدید علوم مستقبل کی دنیا کو یکسر تبدیل کر دیں گے اور ان چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے جدید تعلیم کا حصول ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی یونیورسٹی کے طلباء میرپورخاص سمیت صوبے اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین نے کہا کہ ان کی جماعت پورے ملک میں جامعات قائم کرکے علم و آگہی کی روشنی پھیلانے کے لیے پرعزم ہے۔ جلد ہی میرپورخاص میں وفاقی یونیورسٹی کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا، جو تعلیمی ترقی کا ایک اہم سنگ میل ہوگا۔
اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے انچارج خالد تبسم، جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارج آفاق احمد خان، اور رکن ڈسٹرکٹ کمیٹی اسلم قریشی سمیت دیگر اہم عہدیداران موجود تھے۔ ایس ٹی سی انچارج سلیم رزاق، نواب شاہ ڈسٹرکٹ کے انچارج معظم خان، اور سندھ تنظیمی کمیٹی کے دیگر اراکین نے بھی تقریب میں شرکت کی اور یونیورسٹی کے قیام کے لیے ایم کیو ایم کے اقدامات کو سراہا۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹی کے قیام سے مقامی طلباء کو بہتر تعلیمی مواقع میسر آئیں گے اور یہ خطہ تعلیمی میدان میں نمایاں ترقی کرے گا۔